بھارتی کورونا زور پکڑ گیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی اور لاہور میں کورونا کی بھارتی قسم (ڈیلٹا ویرینٹ) زور پکڑنے لگی۔ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر کراچی میں مثبت رپورٹ ہونے والے کیسز میں منتخب 90 نمونوں کاجائزہ لیا گیا جس میں سے 83 مریضوں میں کورونا کی بھارتی قسم کی تصدیق ہوئی۔لاہور میں بھی 85 نمونوں میں سے 56 میں کورونا کی بھارتی قسم کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیلٹا وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار دیگر اقسام کے مقابلے میں 50 فیصد تیز ہے، اس سے بچاؤ صرف ویکسین لگانے سے ہی ممکن ہے۔اْدھر حکام نے عوام کو خبرد ار کیا ہے کہ بھارتی قسم کی وجہ سے جتنے زیادہ کیس بڑھیں گے اتنی ہی زیادہ اموات کا خدشہ ہے۔حکام نے کہا کہ ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات نہ کئے گئے تو عید کے بعد صورتحال تشویشناک ہو سکتی ہے۔دوسری جانب کورونا کے بڑھتے مریضوں کی وجہ سے اسپتالوں پر بھی دباؤ بڑھنے لگا ہے اور کراچی کے سول اسپتال میں شیڈول آپریشنز ملتوی کردیئے گئے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے ملک میں کورونا کی بھارتی قسم کے کیسز کی تصدیق ہورہی ہے جسے ملک میں مہلک وائرس کی چوتھی لہر کا آغاز قرار دیا جارہا ہے۔