ٹیکس وصولی کا نیا مشینی نظام

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ملک بھر کے ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ پر لانے کے لئے ٹیکس وصولی کا نیا مشینی نظام متعارف کرا دیا۔ایف بی آر نے دکانداروں، شاپنگ مالز اور ڈیپارٹمنٹل اسٹورز سے ٹیکس وصولی کا مشینی نظام(پوائنٹ آف سیلز) متعارف کرایا ہے۔ پوائنٹ آف سیلز سسٹم پر رواں ماہ کے اختتام تک عمل درآمد شروع کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ کمشنر ایف بی آر قاضی افضل کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے مکمل طور پر نفاذ کے لئے سروے کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹائلز اور سینٹری مارکیٹ گلبہار کا سروے رواں ماہ مکمل کرلیا جائے گا، گلبہارٹائلز مارکیٹ میں رواں ماہ ٹیکس وصولی کا نظام شروع ہوجائیگا، رواں ماہ پوائنٹ آف سیلز کی تعداد میں 200 فیصد اضافہ متوقع ہے۔قاضی افضل نے کہا کہ 31 جولائی تک پوائنٹ آف سیلز بڑھ کر150تک پہنچ جائیں گے، ٹائلز ایسوی ایشن کے وفد نے ملاقات میں کچھ تحفظات بیان کئے ہیں، تحفظات کا بات چیت سے حل نکل آئے گا۔کمشنر ایف بی آر کا کہنا تھا کہ نرسری اور منظورکالونی فرنیچرمارکیٹ کا سروے مکمل ہوگیا، مذکورہ مارکیٹوں میں پوائنٹ آف سیلز کے لئے نوٹسز بھی جاری کردیئے ہیں، فرنیچر مارکیٹوں میں دکانداروں کو10لاکھ روپے جرمانے کے نوٹسز جاری کئے، بیکریوں اورنمکو سینٹرز کا آر ٹی او1کی حدود میں بھی سروے مکمل ہوگیا ہے۔ بیکریوں اور نمکو سینٹرز کو پوائنٹ آف سیلز کے تحت رجسٹر ہونا پڑے گا۔