Qaumi Akhbar

منگھوپیر میں فائرنگ ، نوجوان ہلاک

سچل غازی گوٹھ رند گوٹھ میں سٹی کورٹ کے بیلف کو نامعلوم ملزمان نے کلہاڑی کے وار کرکے قتل کردیا

محمد عرس کو نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر قتل کیا، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، مقتول کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا

سچل کے علاقے رند گوٹھ میں مکان سے خون میں لت پت لاش ملی، مقتول اسداللہ سٹی کورٹ میں بیلف تھا، پولیس کی تفتیش

شیر شاہ تھانے کی حدود جناح روڈ پر لوٹ مار میں ملزموں کی فائرنگ سے 55 سالہ جمیل زخمی،لانڈھی میں نوجوان گولی کا نشانہ

کراچی ( کرائم رپورٹر ) منگھوپیر میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا سچل غازی گوٹھ رند گوٹھ میں سٹی کورٹ کے بیلف کو نامعلوم ملزمان نے کلہاڑی کے وار کرکے قتل کردیا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں مین فائرنگ کے واقعات میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق منگھوپیر میں پیر کو ذاتی دشمنی پر ایک نوجوان کو گھر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ منگھوپیر تھانے کی حدود میں ناردرن بائی پاس کے قریب واقع ایک گھر میں پیش آیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں بعد ازاں مقتول کی شناخت 22 سالہ محمد عرس کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے حوالے سے بتایا کہ متوفی کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا اور بظاہر ذاتی دشمنی پر نامعلوم شخص نے اسے گولی مار کر قتل کیا جبکہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے سچل کے علاقے رند گوٹھ میں قائم گھر سے ایک شخص کی لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے موقع معائنے کے بعدلاش کو ایمبولنس کی مددسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، اس حوالے سے ایس ایچ او راجا تنویر نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 52سالہ اسد اللہ ولد مظہر علی کے نام سے ہوئی جو گھر میں اکیلارہتا تھا جبکہ سٹی کورٹ میں بطور بیلف تھا ، انھوں نے کہا کہ مقتول شادی شدہ تھا چند ماہ قبل اہلیہ کسی بات پر ناراض ہوکر چلی گئی تھی۔ گھر والوں نے رابطہ کرنے کی کوشش کی اور رابطہ نہ ہونے پر اسکا بھائی گھر آیا تو اسکی لاش دیکھی۔ مقتول کو قینچی کا وار کر کے قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔شیر شاہ تھانے کی حدود جناح روڈ پر لوٹ مار کے دوران ملزموں کی فائرنگ سے 55 سالہ جمیل ولد شمس الدین زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔شرافی گوٹھ تھانے کی حدود لانڈھی کھوئی گوٹھ اللہ والی چورنگی کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق زخم ہونے والے 22 سالہ متیاز ولد ممتازکو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جس کی حالت تشویشناک ہے۔ پولسی واقعے کی مزید جانچ کررہی ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version