
پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور کسٹم حکام کا کھلے سمندر میں اسمگلرز کے خلاف مشترکہ آپریشن
ایران سے اسمگل ہونے والی420 کلو گرام آئس کرسٹل کی کھیپ مبینہ طورپریورپ کے مختلف ممالک کو اسمگل کی جانی تھی
انٹیلی جنس پرمبنی آپریشن کے دوران شمالی بحیرہ عرب میں لانچ سے آئس کرسٹل تحویل میں لی گئی،5اسمگلرز کو گرفتار کرلیا گیا
کشتی کی پانچ روزسے مسلسل نگرانی کی جارہی تھی،برآمد ہونیوالی منشیات کی عالمی مالیت 4 ارب 90 کروڑ روپے ہے
کراچی ( کرائم رپورٹر ) پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور کسٹم نے مشترکہ آپریشن کے دوران کشتی سے 420 کلو گرام آئس کرسٹل قبضے میں لے لی جس کی عالمی مالیت 4 ارب 90 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔پی ایم ایس اے ہیڈ کواٹرزمیں کسٹم حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ڈپٹی ڈی جی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کموڈور عامر اقبال خان کا کہنا تھا کہ کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے ساتھ مشترکہ انسدا دمنشیات آپریشن کے دوران کھلے سمندر میں منشیات کی بڑی کھیپ کی اسمگلنگ کو روکا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس پرمبنی آپریشن کے دوران شمالی بحیرہ عرب سے لانچ سے 420 کلوگرام آئس کرسٹل تحویل میں لی گئی،اس کارروائی کے دوران 5اسمگلرز کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔ترجمان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کمانڈرفاروق کا کہناتھا کہ مذکورہ کشتی کی پانچ روزسے مسلسل نگرانی کی جارہی تھی،ایران سے اسمگل ہونے والی منشیات کی یہ کھیپ مبینہ طورپریورپ کے مختلف ممالک کو اسمگل کی جانا تھی۔پی ایم ایس اے حکام کے مطابق آپریشن میں بڑی مقدار میں منشیات کی ضبطگی اس بات کا ثبوت ہے کہ سمندر کی نگرانی پرمامورادارے کسی بھی غیر قانونی کام/مقاصد کے لیے پاکستانی پانیوں کے استعمال کو روکنے کے لیے چوکس اور پرعزم ہیں،پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سمندر میں امن و امان قائم کرنے کے لیے اپنی قومی ذمہ داریوں کو نبھاتی رہے گی۔