
اسلام آباد(3 اکتوبر 2025): محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں ڈپریشن کی شدت بڑھنے پر پانچواں الرٹ جاری کر دیا۔
بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں موجود ڈپریشن شدت اختیار کر کے "ڈیپ ڈپریشن” بن گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈیپ ڈپریشن کراچی سے تقریباً 400 کلو میٹر جنوب میں موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈیپ ڈپریشن کا آئندہ 12 گھنٹے میں طوفانی شکل اختیار کرنے کا امکان ہے، 24 گھنٹے بعد ڈیپ ڈپریشن کی شدید سمندری طوفان بننےکی پیشگوئی ہے، آج تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین، ٹھٹہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان میں بارش کا امکان ہے۔
حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو اور کراچی کے چند علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، سمندر میں لہریں بلند ہیں، تیز ہوائیں 40 سے 55 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ماہی گیروں کو 5 اکتوبر تک سمندر میں جانے سے منع کر دیا گیا، کل شام تک سسٹم کے مرکز کے قریب ہوائیں 85 کلو میٹر فی گھنٹہ تک چل سکتی ہیں جبکہ 4 اکتوبر کے بعد ہواؤں کی رفتار 125 کلو میٹر فی گھنٹہ تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔
