
کراچی : ہوا کے کم دباؤ کے زیراثر کراچی میں بھی آندھی اور تیزہواؤں کیساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ شہر کا مطلع صاف اور موسم مرطوب رہے گا تاہم آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر کراچی میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
شہر میں اس وقت شمال مشرقی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 26.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں آج سے سات اکتوبر تک تیز آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کانپنجاب اور اسلام آباد میں تین سے چھ اکتوبر تک بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا میں بھی ساتاکتوبر تک بارشیں جبکہ بعض مقامات پر تیز آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی آج بارش کا امکان ہے جبکہ چارسے سات اکتوبر تک کشمیر میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں چار سے چھ اکتوبر تک بارش اور طوفانی ہوا کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔۔
