Qaumi Akhbar

مسجد قباء میں تاریخ کی بڑی توسیع کا اعلان

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مسجد قباء کی دس گنا توسیع کا اعلان کردیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق محمد بن سلمان نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی جانب سے تعمیر کی گئی اسلام کی پہلی مسجد، مسجد قباء میں دس گنا توسیع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسجد قباء کی توسیع کا نیا منصوبہ تاریخ کا سب سے بڑا توسیعی منصوبہ ہوگا جس میں مسجد کی 50 ہزار اسکوائر میٹر پر توسیع کی جائے گی۔

عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان کے نام سے منسوب اس منصوبے کا مقصد مسجد میں نمازیوں کی گنجائش 66 ہزار تک لے کر جانا ہے۔

محمد بن سلمان کاکہنا تھا کہ اس پراجیکٹ کا مقصد اہم مواقع پر زیادہ سے زیادہ عبادت گزاروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

واضح رہےکہ سعودی شہر مدینے میں واقع مسجد قباء اسلام کی پہلی مسجد ہے جو مدینے شہر کی پہلی مسجد بھی کہلاتی ہے جب کہ مسجد قباء مسجد نبویؐ سے 5 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version