Qaumi Akhbar

پاکستان انڈر 18 ایشیا ہاکی کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملائیشیا کو شکست دیکر انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

چین کے شہر ڈازھو میں جاری انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ کا سیمی فائنل پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا گیا۔ پاکستان نے پہلے آٹھ منٹ میں دو گول داغے، پنالٹی کارنر پر پہلے عبداللہ نے گول کیا پھر شہباز حسن گول کرکے برتری دگنی کردی۔

پھر ملائیشیا نے کم بیک کیا اور اوپر نیچے تین گول کرکے پاکستان کے خلاف تین دو کی برتری حاصل کرلی جو زیادہ دیر برقرار نہ رہی اور شہباز حسن نے گول کرکے مقابلہ تین تین گول سے برابر کردیا جو مقررہ وقت تک برابر رہا۔

میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا اور پہلے تین شوٹ پر پاکستان گول کرنے میں کامیاب ہوا جبکہ ملائیشیا نے تین میں سے ایک شوٹ آؤٹ ضائع کی جس پر پاکستان کی برتری تین دو ہوگئی۔

پاکستان نے چوتھا شوٹ آؤٹ ضائع کیا تو مقابلہ ایک بار پھر برابر ہوگیا۔ حنظلہ علی نے پانچویں شوٹ آؤٹ پر گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی اور فیصلہ کن پنالٹی شوٹ پاکستان کے گول کیپر غلام مصطفیٰ نے روک کر پاکستان کو فائنل میں پہنچا دیا۔ پاکستان کا فائنل میں مقابلہ جاپان سے اتوار کو ہوگا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version