Qaumi Akhbar

کراچی میں جمعہ سے موسلا دھار بارش کی پیشگوئی

این ڈی ایم اے نے آٹھ جولائی تک مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا

کراچی میں مون سون کا دوسرا اسپیل داخل ہوچکا ہے جس کے زیر اثر آج اور کل ہلکی بارش اور بوندا باندی جاری رہے گی اس دوران شہر میں تیز بارشوں کا امکان نہیں ہے ۔شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ گلستانِ جوہر، گڈاپ، ملیر، قائدآباد، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی اور نیو کراچی سمیت کئی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں رات اور صبح کے اوقات میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ جمعہ سے موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی متوقع ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، باجوڑ میں بارش کا امکان، جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری، گلیات، راولپنڈی ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے علاوہ ازیں موسی خیل، بارکھان، خضدار، ژوب، قلات میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آٹھ جولائی تک مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ ادارے کے مطابق خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور امدادی سرگرمیوں کی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version