رمضان میں گھر والوں کے لیے مزے مزے کی چیزیں بنانا خواتین کی خواہش ہوتی ہے لیکن صرف کھانے پینے کی فکر میں رمضان کی سعادت بھری گھڑیاں ضائع کردینا قطعی مناسب نہیں ہے، آج ہم آپ کو ایسے طریقے بتائیں جس سے خواتین رمضان میں دسترخوان سجانے کی آدھی تیاری پہلے سے ہی کرکے رکھ سکتی ہیں۔
افطار کے وقت جو چیزیں بھی بنتی ہیں ان کو پہلے سے تیار کرکے فریز کیا جاسکتا ہے جیسے کہ کباب، کٹلٹس، نگٹس،سموسے اور یہاں تک کہ چھولے بھی۔
سب سے پہلے سموسے اور نگٹس وغیرہ فریز کرنے کے لئے کسی بڑی ٹرے کا انتخاب کریں جو فریزر میں آسانی سے آجائے ،اس کے علاوہ اگر ٹرے میں کباب کے اوپر کباب یا نگٹس وغیرہ رکھنے ہوں تو درمیان میں بٹر پیپر یا پلاسٹک کی ایک اور تھیلی رکھ دیں گا تاکہ چیزیں درمیان میں چپکیں نہیں۔
اس کے علاوہ چھولے ابال کر بھی زپ والی تھیلی میں رکھ کر کئی دن کے لیے فریز کیے جاسکتے ہیں، جنہیں افطار سے ذرا پہلے نکال کر پیاز، ٹماٹر اور دیگر مصالحے ملا کر جھٹ پٹ چاٹ بنائی جاسکتی ہے۔
اسی طرح سموسے وغیرہ بھی فریزر سے نکال کر تلے جاسکتے ہیں جن سے افطار کے وقت پریشانی بھی نہیں ہوگی اور دسترخوان بھی سجا ہوا ہوگا۔