Qaumi Akhbar

کراچی: لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں آتشزدگی، 4 فیکٹریاں جل گئیں

وزیراعلیٰ سندھ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا، ڈپٹی کمشنر سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی

کراچی میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی فیکٹری کو شعلوں میں گھِرے 19 گھنٹے سے زائد ہوگئے ۔ آگ نے گتے اور کپڑے کی چار فیکٹریاں جلادیں، ایک فیکٹری زمین بوس ہوگئی جبکہ 3 فیکٹری مخدوش قرار دے دی گئیں، 14 فائر ٹنڈرز ، 2 اسنارکلز اور باؤزر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں ہفتے کی صبح اچانک لگنے والی شدید آگ نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ فائر بریگیڈ حکام نے آتشزدگی کو تیسرے درجے کی آگ قراردے دیا گیا۔ آگ تیزی سے پھیلتی ہوئی 4 فیکٹریوں تک جا پہنچی، جس سے کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ عید کی چھٹیوں کے باعث فیکٹری بند تھی، جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم آگ کی شدت کی وجہ سے مالی نقصان کی تحقیقات جاری ہیں۔

آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے شہر بھر سے 14 فائر ٹینڈرز، دو اسنارکلز اور ایک واٹر باؤزر کو موقع پر روانہ کیا گیا۔ فائر فائٹرز کئی گھنٹوں سے آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ فیکٹری کی ایک عمارت کا حصہ گرنے سے 5 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے ڈپٹی کمشنر سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے اور امدادی اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ متاثرہ فیکٹریوں میں کام کرنے والے ملازمین کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

تاحال آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم ابتدائی تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر موجود ہیں، اور صورتحال پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version