ذی الحج کا چاند نظر آنے کے حوالے سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، رویت ہلال کمیٹی

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں کہیں بھی ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا اور پاکستان بھر میں عید الاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔
منگل کو ذی الحج 1446 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے ملک بھر میں زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ مقامات پر ہوئے جن میں چاند نظر آنے کے حوالے سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین مولاناعبدالخبیرآزاد نے کی اور اجلاس کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے اعلان کیا کہ ملک بھر میں کہیں بھی ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا۔
مولاناعبدالخبیرآزاد نے کہا کہ متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا یکم ذی الحج 29 مئی جمعرات اور عید الاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ ہوگی۔
لاہور
زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کے سربراہ مفتی محمد رمضان سیالوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں مقتدر علماء اور کمیٹی ارکان شریک ہوئے اور لاہور میں چاند نظر آنے کا مقررہ وقت ختم ہوچکا جبکہ مقررہ وقت کے دوران چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
کراچی
سربراہ کراچی زونل کمیٹی کی جانب سے بھی بتایا گیا کہ کراچی میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا۔
علامہ حافظ سلفی نے کہا کہ کراچی میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، کراچی اور سندھ کے کسی حصے سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی اور اس حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا آگاہ کردیا ہے۔
پشاور
زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کی جانب سے بتایا گیا کہ پشاور میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا۔
کوئٹہ
چیئرمین زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ مولانا انوار الحق حقانی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ صوبے کے کسی علاقے سے ذی الحج کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں اور بلوچستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا۔