Qaumi Akhbar

حکومت سندھ اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات کامیاب

حکومت سندھ اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال مؤخر کر دی گئی۔

کراچی میں کمشنر ہاؤس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں سے اعلیٰ سطحی مذاکرات ہوئے، مذاکرات میں وزیر ٹرانسپورٹ کے علاوہ چیف سیکریٹری، ہوم سیکریٹری اور کمشنر کراچی بھی شریک تھے۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ گاڑیوں کو جلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا، ڈرائیورز کا قتل اور گاڑیوں کو جلانا سنگین دہشتگردی ہے، جس پر مقدمات سرکار کی مدعیت میں درج کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو روڈ بلاک کرنے یا بدمعاشی کی اجازت نہیں دی جائے گی، فوٹیجز کے ذریعے ملوث افراد کی شناخت کی جائے گی اور مکمل کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ٹرانسپورٹر رہنما ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں سے ڈرائیورز اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا جا رہا تھا، جس کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا اور ڈرائیورز نے کام بند کر دیا۔ انہوں نے بتایا حکومت سے مذاکرات کے دوران مطالبات پیش کیے گئے، جن میں سیکیورٹی، شہید ڈرائیورز کے لیے معاوضہ، اور جلائی گئی گاڑیوں کے نقصانات کا ازالہ شامل تھا۔


شرجیل میمن نے بتایا کہ گاڑیوں کے نقصانات پر ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو دس دن میں سفارشات پیش کرے گی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹرانسپورٹ ایک اہم شعبہ ہے اور حکومت اس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ اگر آج حکومت کی جانب سے یقین دہانیاں نہ ملتیں تو ملک گیر ہڑتال کی جاتی۔ تاہم، حکومت کی طرف سے مثبت ردعمل کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال مؤخر کرتے ہوئے آٹھ سے دس دن کی مہلت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وعدے پورے نہ کیے گئے تو سڑکوں پر آ کر احتجاج کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آج وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کا ارادہ تھا مگر مشاورت کے بعد فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version