Qaumi Akhbar

پابندی کے باوجود بھارتی فلم میں جلوہ گر واحد پاکستانی اداکار کون؟

بھارتی فلم میں پاکستانی اداکار کی موجودگی اور انہیں دیا گیا نمایاں اسکرین ٹائم حیرت انگیز قرار

ایسے وقت میں جب بھارت کی مودی سرکار پاکستانی فنکاروں، مواد اور میڈیا پر سخت ترین پابندیاں عائد کیے بیٹھی ہے، نیٹ فلکس انڈیا کی حالیہ سیریز ‘دی رائلز’ میں پاکستانی اداکار کی موجودگی نہ صرف قابلِ توجہ ہے بلکہ حیران کن بھی۔

نیٹ فلکس انڈیا کی تازہ ترین سیریز ‘دی رائلز’ اگرچہ کہانی کے لحاظ سے غیرمعمولی نہیں کہلا سکی، مگر ایک کردار نے ناظرین اور ناقدین کی بھرپور توجہ حاصل کر لی ہے۔

سیریز میں ‘نواب آف دھونڈی’ کے کردار کو نبھانے والے پاکستانی نژاد اداکار علی خان نے ناظرین کی توجہ اپنے مضبوط اور پُرکشش کردار سے کھینچ لی ہے۔

حالانکہ یہ سیریز خود نقادوں سے ملی جُلی آرا حاصل کر رہی ہے، مگر علی خان کی پرفارمنس کے چرچے ہر جانب سنائی دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پاک-بھارت کشیدگی کے پیش نظر بھارت نے پاکستانی مواد، یوٹیوب چینلز اور شوبز شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے نام اور چہرے بالی ووڈ پراجیکٹس کے پوسٹرز سے بھی ہٹا دیے گئے ہیں۔

یہ سب کچھ بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدگی اور حالیہ میزائل حملوں کے پس منظر میں کیا گیا ہے۔

ایسے میں ‘دی رائلز’ میں علی خان کی موجودگی اور ان کے کردار کو دیا گیا نمایاں اسکرین ٹائم حیرت انگیز قرار دیا جا رہا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سیریز 9 مئی کو ریلیز ہوئی تھی، یعنی بھارت کی جانب سے پاکستانی شہروں پر 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب میزائل حملوں کے محض ایک دن بعد اور 10 مئی کو پاکستان کے جوابی حملے سے محض ایک دن قبل اسے ریلیز کیا گیا۔

اس تناؤ بھرے ماحول میں بھی علی خان کا کردار نہ صرف نمایاں طور پر سیریز میں دکھایا گیا ہے بلکہ سوشل میڈیا پر پذیرائی بھی حاصل کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ علی خان کا شمار ان چند پاکستانی اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت اور برطانیہ میں بھی اپنی فنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

کراچی میں پیدا ہونے والے اور لندن میں پرورش پانے والے علی خان بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ ‘ڈان 2’ اور ‘لک بائے چانس’ فلم کے علاوہ شاہ رخ خان کی بیٹی سمیت متعدد اسٹار کڈز سے بھرپور نیٹ فلکس انڈیا کی فلم ‘دی آرچیز’ کا حصہ بھی بن چکے ہیں۔

اداکار کئی ٹیلی ویژن سیریز میں بھی نظر آئے، جن میں دی بُل، اسٹرائیک بیک ، سات پردوں میں، انڈین سمرز اور پاکیزہ شامل ہیں، گزشتہ برس علی خان بھارتی اداکارہ کاجول کیساتھ نیٹ فلکس کی ویب سیریز میں بھی دکھائی دیے۔

تازہ ترین بھارتی ویب سیریز ‘دی رائلز’ میں ان کا کردار ‘نواب آف دھونڈی’ خاندانی سازشوں، طاقت کے حصول کی کشمکش اور پُرتعیش زندگی کے پس منظر میں پروان چڑھتا ہے۔

سیریز کی ہدایتکاری پریانکا گھوش اور نوپور آستھانا نے کی ہے، جبکہ شو کی شوٹنگ جے پور اور ممبئی کے عالیشان مقامات پر کی گئی ہے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر عائد پابندیوں کے باوجود علی خان کا اس سیریز میں نمایاں کردار ایک غیر معمولی واقعہ سمجھا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ ماضی میں علی خان ایک بیان میں کہہ چکے ہیں کہ بھارت میں کام کرنے سے پاکستانی فنکاروں کی عزت بڑھتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر پاکستانی اداکار کامیاب ہونا چاہتے ہیں توانہیں بیرون ملک جا کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ علی خان معروف اسلامی اسکالر اور نعت خواں جنید جمشید مرحوم کے کزن اور جگن کاظم کے دور کے رشتہ دار بھی ہیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version