
کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پرکریک ڈاؤن
کراچی ٹریفک پولیس کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے تحت شہر بھر میں چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ اس کریک ڈاؤن کا بنیادی مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، روڈ سیفٹی کو یقینی بنانا اور قوانین کی عملداری کو بہتر بنانا ہے
کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 49,406 موٹر سائیکلیں تحویل میں لی گئی ہیں، جبکہ فینسی نمبر پلیٹس، رنگین شیشے، اور دیگر خلاف ورزیوں پر 4,568 کارروائیاں کی گئی ہیں۔
محکمۂ ٹرانسپورٹ سندھ کے موٹر وہیکل ایگزامنر صاحبان نے 676 گاڑیوں کو مشروط طور پر چھوڑا ہے، جنہیں مرمت کے بعد دوبارہ جانچ کے لیے پیش کرنا ہوگا۔ 139 خستہ حال گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کیے اور مالکان کو ہدایت کی کہ تمام خرابیاں دور کر کے گاڑیاں دوبارہ معائنے کے لیے پیش کریں، بصورت دیگر انہیں سڑک پر چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کمشنر کراچی کی ہدایات پر 15 اپریل سے 14 جون 2025 تک شہر کی مرکزی شاہراہوں پر غیر قانونی اضافی سیٹوں والے رکشوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس پابندی کے تحت کراچی ٹریفک پولیس نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 15,305 چالان کیے ہیں اور 138 ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہیں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ان تمام اقدامات کا بنیادی مقصد حادثات میں کمی لانا، ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا، اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔