Qaumi Akhbar

خضدار میں سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، کور کمانڈرز کانفرنس

کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ خضدار میں سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی۔ دہشتگردی کے نتیجے میں 4 معصوم بچے اور 2 بےگناہ افراد شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 270 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے آغاز میں آپریشن بنیان مرصوص اور ضلع خضدار میں دہشتگردانہ حملے کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

شرکاء کانفرنس نے کہا کہ دہشتگردی کے نتیجے میں 4 معصوم بچے اور 2 بےگناہ افراد شہید ہوئے، خضدار میں یہ سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے پاکستان کے عوام کی غیر متزلزل حمایت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں، بیرونی جارحیت، دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ جدوجہد میں عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے پرعزم ہیں۔

فورم نے کہا کہ نہتے شہریوں، معصوم بچوں کو دانستہ نشانہ بنانا انسانیت کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، ایسا عمل بین الاقوامی قوانین کی صریحاً اور قابلِ مذمت خلاف ورزی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے معرکہ حق کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے دوران اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کیا، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

فورم نے اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گا۔

شرکاء کانفرنس نے فیلڈ مارشل کے اسٹریٹجک وژن، غیر متزلزل قیادت اور قومی دفاع کیلئے گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا، فورم نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی۔

فورم نے اندرونی و بیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور معرکہ حق کے ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلے، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل، مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، باہمی ہم آہنگی، بلند حوصلے اور قوم کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔

فورم نے پاکستانی میڈیا اور انفارمیشن واریئرز کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور انفارمیشن واریئرز بھارتی پروپیگنڈے، جعلی خبروں اور جنگی جنون کے خلاف ریاست کے ساتھ کھڑے رہے، پاکستانی میڈیا نے حقائق اور اعداد و شمار کو درست طریقے سے پیش کیا، پاکستانی میڈیا نے عوامی اعتماد کو فروغ دیا اور غلط معلومات کا تدارک کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور متحرک شراکت کو تہہ دل سے سراہا، نوجوانوں کے جوش و جذبے نے ناصرف قومی روح کو اُجاگر کیا بلکہ قومی بیانیہ مؤثر انداز میں پیش کیا۔

فورم نے سیاسی قیادت کو ان کی دور اندیشی، معرکہ حق کے دوران بے مثال قیادت پر سلام پیش کیا، فورم نے سیاسی قیادت کے پختہ یقین اور غیر متزلزل عزم کیساتھ قوم کی رہنمائی پر بھی سلام پیش کیا.

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version