ملک بھر میں ہیٹ ویو 20 مئی تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی موسم گرم رہے گا، شہر کا درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ریئل فیل 41 ڈگری تک رہے گی، ملک بھر میں ہیٹ ویو کا سلسلہ 20 مئی تک جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم آج بھی گرم اور مرطوب رہے گا، آج کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں گرمی کی شدت 2 تا 4 ڈگری زیادہ محسوس کی جائے گی، اس وقت شہر کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوا چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقوں کے علاوہ سندھ بھر کے علاقے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، ملک میں ہیٹ ویو کا سلسلہ 20 مئی تک جاری رہے گا۔