Qaumi Akhbar

آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ: معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یوم تشکر منایا جارہا ہے

وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارلحکومت میں 21،21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا

معرکہ حق آپریشن “ بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ“ میں افواج پاکستان کی شاندار کامیابی اور بھارت کے خلاف عظیم فتح کے اعتراف میں ملک بھر میں آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ یوم تشکر منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز مساجد میں خصوصی قرآن خوانی اور استحکام پاکستان، ترقی و خوشحالی کی دعاؤں سے ہوا۔

ملک کے مختلف شہروں میں نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعائیں
ملک کے مختلف شہروں میں نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعائیں کی گئیں، جن میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں جبکہ مساجد میں علمائے کرام، عوام الناس اور افواجِ پاکستان کے جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور وطنِ عزیز کے تحفظ و دفاع کے عزم کو دہرایا۔


نمازِ تشکر کی ادائیگی کے بعد قرآن خوانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جس میں معرکہ بنیان مرصوص کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور شہداء کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کیا گیا۔

علما کرام نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ افواجِ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ان کا نصب العین ہے، اور پوری قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی
معرکہ حق آپریشن ”بنیان مرصوص“ میں افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی کے اعتراف میں آج یومِ تشکر کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

اسلام آباد میں دن کا آغاز توپوں کی گھن گرج سے ہوا، جس نے پوری قوم کے دلوں میں فخر، عزم اور ملی یکجہتی کی نئی روح پھونک دی۔ اسی طرح لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد اور گلگت میں بھی 21 توپوں کی سلامی سے یومِ تشکر کی تقریبات کا آغاز کیا گیا۔


شہدا کے بلند درجات کے لیے دعائیں کی گئیں۔ ملک وقوم کی سلامتی کےلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اس کے علاوہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر آزاد کشمیر بھر میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، تعلیمی اداروں میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریبات جاری ہیں، پاک فوج زندہ باد، ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کہ نعروں کی گونج ہے، اساتذہ نے بھی بھارت کو بھرپور جواب دینے پر نظمیں پیش کیں۔

اسکردو کے طلبہ کا افواجِ پاکستان کو نغمے کے ذریعے شاندار خراجِ تحسین
معرکہ بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی پر ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے نوجوان بھی جذبۂ حب الوطنی سے سرشار ہیں۔ اسوہ بوائز اسکول سکردو کے طلبہ نے یومِ تشکر کے موقع پر ایک پُراثر نغمے کے ذریعے افواجِ پاکستان سے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

طلبہ کی جانب سے پیش کردہ نغمے کے بول ”میرے وطن یہ عقیدتیں، وطن پر قربان“ نے تقریب میں موجود تمام سامعین کے دل جیت لیے۔ یہ نغمہ صرف ایک فنکارانہ اظہار نہیں بلکہ پاک فوج کے ساتھ عوامی وابستگی، محبت اور فخر کا بھرپور عکاس تھا۔

اس موقع پر اسکول کے اساتذہ اور والدین نے طلبہ کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ یہ نوجوان نسل کا اپنے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا منفرد اور خوبصورت انداز ہے۔

یومِ تشکر کے سلسلے میں ہونے والی اس تقریب نے واضح کر دیا کہ پوری قوم، بشمول گلگت بلتستان کے نوجوان، افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کی سلامتی و دفاع کے لیے متحد ہیں۔

شمالی وزیرستان کے قبائلی مشران کا خصوصی جرگہ، افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی
معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کی شاندار فتح پر شمالی وزیرستان کے غیور قبائلی عوام نے وطن سے والہانہ محبت اور پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی جرگے کا انعقاد کیا۔

میرانشاہ میں منعقدہ اس جرگے میں قبائلی مشران، عمائدین، اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی، جبکہ جنرل آفیسر کمانڈنگ میرانشاہ میجر جنرل عادل افتخار مہمانِ خصوصی تھے۔

میجر جنرل عادل افتخار نے قبائلی عوام کی جرات، تعاون اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں قبائلی عوام کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔

بُنیان مرصوص : 16 مئی 2025 کو قومی سطح پر یوم تشکر منانے کا اعلان

مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے جو ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، مگر ہماری خاموشی کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان کی حالیہ کامیاب حکمت عملی اور دشمن کو مؤثر جواب دینے پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقریب منعقد ہوں گی، آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی جائیں گی۔

یوم تشکر کی نمایاں تقریب کل رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی، تقریب میں تمام مکاتب فِکرسے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شرکت کریں گی، تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم ہوں گے جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہ بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version