
بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ اداکار عامر خان اور خوبرو نوجوان اداکار رنبیر کپور جلد ہی ایک پروجیکٹ میں ساتھ نظر آئیں گے۔
یہ دھماکے دار خبر آج رنبیر کپور کی اہلیہ عالیہ بھٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے جاری کرتے ہوئے مداحوں سے دلچسپ اپ ڈیٹس شیئر کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رنبیر اور عامر ایک پروجیکٹ میں ساتھ نظر آنے والے ہیں، جس کی مکمل تفصیلات کل 12 مارچ بروز بدھ کو سامنے آئیں گی۔
عالیہ نے اس اعلان کے ساتھ اپنی ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں انہیں عامر اور رنبیر کی تصویر پر مبنی پوسٹر تھام کر اپنے جذبات کا پُرجوش انداز میں اظہار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پوسٹر میں ان دونوں کے اشتراک کو ‘بلاک بسٹر’ اور ‘سال کا سب سے بڑا ٹکراؤ’ جیسے القابات سے نوازا گیا۔
ویڈیو میں عالیہ بھٹ نے کہا کہ ‘میں آپ سب کو یہ دکھانے کیلئے بےصبری سے انتظار کررہی تھی، میرے 2 پسندیدہ ترین اداکار دکھیں گے ایک ساتھ، ایک دوسرے کے خلاف، یقین نہیں ہورہا نا؟ مجھے بھی نہیں ہوا، لیکن یہ حقیقت ہے اور بہت ہی شاندار ہے، دیکھتے رہیے’۔
پوسٹ کے کیپشن میں عالیہ بھٹ نے لکھا کہ ‘کون سب سے بہتر’ کی جنگ میں میرے 2 پسندیدہ ترین اداکار ایک ساتھ، ایک دوسرے کے خلاف نظر آئیں گے، کچھ بہت ہی دلچسپ چیز ملاحظہ کرنے کے لیے دیکھتے رہیے، مزید اپ ڈیٹس کل آرہی ہیں’۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ‘میں جانتی ہوں کہ آپ اسے اتنا ہی پسند کریں گے جتنا یہ مجھے پسند آیا’۔
عالیہ کی جانب سے اِس اعلان پر سوشل میڈیا صارفین دنگ رہ گئے، اور کمنٹس سیکشن میں تبصروں کی بھرمار کردی۔
ایک صارف نے لکھا کہ ‘2 بڑے لیجنڈز اشترک کر رہے ہیں’ جبکہ ایک اور مداح نے لکھا ‘اوہ میرے خدا! مجھ سے انتظار نہیں ہورہا’۔
دوسری جانب عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور بھی جلد ہی سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی فلم ‘لو اینڈ وار’ میں ایک ساتھ نظر آنے والے ہیں، جس میں اداکار وکی کوشل بھی مرکزی کردار ادا کریں گے۔
فلمی ناقدین کا ماننا ہے کہ عامر خان اور رنبیر کپور، بالی وڈ کے 2 منفرد اور باصلاحیت اداکار ہیں، یہ دونوں اگر کسی فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں تو یہ سینما کے لیے ایک ناقابلِ فراموش لمحہ ہوگا۔
عامر خان اپنی غیر معمولی کردار نگاری اور ہر کام میں ‘پرفیکشنسٹ’ کے لیے مشہور ہیں، جبکہ رنبیر کپور کی فطری اداکاری اور جذباتی گہرائی انہیں نئی نسل کا سب سے باصلاحیت فنکار بناتی ہے، ان دونوں کی آن اسکرین کیمسٹری کسی بھی کہانی میں ایک نئی جان ڈال سکتی ہے۔
یاد رہے کہ عامر خان کی کامیاب ترین فلم ‘پی کے’ میں بھی رنبیر کپور کیمیو رول ادا کر چکے ہیں جو باکس آفس پر خوب کامیاب ثابت ہوئی تھی۔
عالیہ بھٹ کی جانب سے یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب رواں ماہ کی 14 تاریخ کو عامر خان اپنی 60ویں سالگرہ منانے والے ہیں۔