
کراچی: منگل کو شہر میں بدستور گرم دن ریکارڈ ہوا اور پارہ 39.5 ڈگری رہا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کے سبب شہری ہیٹ ویو سے بچ گئے، بدھ سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے اور کل تندوتیز سمندری ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
راجستھان پر موجود دباؤ کے سبب معطل سمندری ہواؤں کے سبب منگل کو شہر میں ایک اور گرم دن ریکارڈ ہوا جس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گزشتہ دن کے مقابلے میں مزید اضافے سے 39.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، نمی کا تناسب 21 فیصد ہونے کے سبب شہری ہیٹ ویو جیسے غیر معمولی موسمی صورتحال سے محفوظ رہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق آج سے گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے، بتدریج معتدل ہونے والے موسم کے بعد اگلے چندروز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 تا 34 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق جمعرات کو شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، تیز ہواؤں کے سبب موسم معتدل رہنے کی توقع ہے، معمول سے تیز ہوائیں عریبین سی میں موجود ہائی پریشر کے باعث چلیں گی۔
موجود گرمی کی لہر کے نتیجے میں دیہی سندھ کے مختلف اضلاع بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، منگل کو سب سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی میں 42 ڈگری ریکارڈ ہوا۔