
کراچی: ٹرانسپورٹرز نے بڑی گاڑیوں کے سڑک پر آنے کے اوقات کار پر نظرِ ثانی کر کے اسے بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سے آل کراچی ٹرانسپورٹرز ایسوسی یشن کے وفد نے ملاقات کی جس میں انہوں نے کراچی میں حادثات کی روک تھام اور ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری کیلیے تجاویز دیں۔
ٹرانسپورٹرز وفد نے ڈی آئی جی ٹریفک کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہیوی ٹرانسپورٹ کے سڑک پر آنے کے اوقات کار کو بڑھایا جائے۔
اس پر ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز متعین اوقات کار کی پابندی کو یقینی بنائیں، تمام ٹرک ڈرائیورز ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، ڈرائیورز تیز رفتاری اور فرسٹ ٹریک کی خلاف ورزی ہرگز نہ کریں۔
انہوں نے حل طلب مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی جس پر وفد نے ان کا شکریہ ادا کیا اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
14 فروری 2025 کو کمشنر کراچی نے ہیوی ٹریفک کی سڑکوں پر آمد سے متعلق دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں بتایا گیا تھا کہ شہریوں کے تحفظ اور ٹریفک کا بہاؤ یقینی بنانے کیلیے دفعہ 144 نافذ کی گئی۔
شہر کی حدود میں بھاری ٹریفک کی نقل و حرکت منظم کرنے کیلیے پابندی لگائی گئی، رات 10 بجے سے صبح 6 بجے کے سوا شہر میں ڈمپروں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد ہے، ہیوی ٹریفک کی سڑکوں پر آمد و رفت پر پابندی ڈی آئی جی ٹریفک کی درخواست پر لگائی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کنسٹرکشن میٹریل لے جانے والی ہیوی گاڑیاں مقررہ روٹ سے داخل ہو سکیں گی، نیشنل ہائی وے سے براستہ گودام چورنگی جام صادق برج تک پابندی سے مستثنیٰ گاڑیاں داخل ہو سکیں گی۔
ناردرن بائی پاس سے ایسٹ ویسٹ وہارف تک گاڑیاں آمد و رفت کر سکیں گی، ہیوی گاڑیوں اور ڈمپرز کیلیے پابندی کا اطلاق 2 ماہ کیلیے ہے۔