چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست

چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن اور ایونٹ کی میزبان پاکستان ٹیم کو 60 رنز سے شکست دے دی۔ 

پاکستان ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور سعود شکیل نے کیا۔  سعود شکیل 19 گیندوں پر 6 رنز بنا کر 8 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ کپتان محمد رضوان کی صورت میں گری، کپتان 14 گیندوں پر 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر بابر اعظم اور فخر زمان نے کچھ مزاحمت کی، تاہم انجری مسائل سے دوچار فخر 24 رنز بنا کر بریسویل کی گیند پر 69 کے مجموعے پر بولڈ ہوگئے۔ 

چوتھی وکٹ پر سلمان علی آغا نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کو 127 کے مجموعے تک پہنچایا، تاہم چھکا لگانے کی کوشش میں سلمان کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 28 گیندوں پر 42 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کو کو پانچویں وکٹ بھی جلد ہی مل گئی، 128 کے مجموعے پر طیب طاہر ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ 

کیوی بولرز کے سامنے بابر اعظم 64 رنز تک مزاحمت دکھا سکے۔ سینٹنر کی گیند پر اونچا شاٹ لگانے کی کوشش میں بابر اعظم 153 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔  

ساتویں وکٹ پر شاہین آفریدی اور خوش دل شاہ کے درمیان 47 رنز کی پارٹنرشپ بنی، تاہم شاہین 200 کے مجموعے پر 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 

خوشدل شاہ نے ایک جانب اپنا لاٹھی چارج تو جاری رکھا لیکن وہ 49 گیندوں پر 69 رنز بنا کر 229 کے ٹوٹل پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ول ینگ اور ٹام لیتھم کی سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 320 رنز بنائے۔

پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا، پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں پاکستان کی جانب سے میگا ایونٹ کا پہلا اوور شاہین شاہ آفریدی نے کروایا جبکہ دوسرے اینڈ سے دوسرا اوور نسیم شاہ نے کیا۔

پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 39 رنز پر گری جب ڈیون کونوے 10 رنز بنا کر ابرار حمد کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ 

ایک رن بعد ہی نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 40 رنز پر گر گئی، اس مرتبہ تجربہ کار کین ولیمسن کو ایک رن پر نسیم شاہ نے آؤٹ کیا۔

 بعدازاں فاسٹ بولر حارث رؤف نے 17ویں اوور میں نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 73 رنز پر حاصل کی، انہوں نے 10 رنز پر ڈیرل مچل کو کیچ آؤٹ کروایا۔

اس دوران اوپنر وِل ینگ نے ایک اینڈ سنبھال کر اچھی بیٹنگ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور وہ 113 گییندوں پر 107 رنز کی اننگز کھیل کر 191 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔ 

پانچویں وکٹ ٹام لیتھم اور گلین فلپس کے درمیان دھواں دار پارٹنرشپ بنی، اس دوران لیتھم نے بھی اپنی سنچری جبکہ فلپس نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ 

ٹام لیتھم اور گلین فلپس نے پانچویں وکٹ پر 75 گیندوں پر 124 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ گلین فلپس 39 گیندوں پر 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ نیوزی لیند نے 5 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 320 رنز بنائے۔ 

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو دو جبکہ ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹاس

اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ دوسری اننگز میں یہاں اوس پڑتی ہے، فاسٹ بولر حارث رؤف ٹیم میں شامل ہیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ ہم دفاعی چیمپئن ہیں اس لیے تھوڑا دباؤ ہوگا۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے رات میں اوس ہوگی۔

پاکستان ٹیم

آج کے میچ کے لیے فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد ٹیم میں شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ ٹیم

مچل سینٹنر، ول ینگ، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، میٹ ہنری، نیتھن اسمتھ اور ول او آرک ٹیم کا حصہ ہیں۔

ٹریفک پلان

کراچی میں آج اور دیگر میچز کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ ٹریفک کے لیے کھلا رہے گا جبکہ اسٹیڈیم آنے والے شائقین نیشنل کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ میں گاڑی پارک کریں گے۔

کارساز سے آنے والے شہری فلائی اوور کے نیچے سے کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ پہنچیں گے۔ ہیوی ٹریفک سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد نمبر 10سے حسن اسکوائر جاسکے گی جبکہ پیپلز چورنگی سے آنے والی ہیوی ٹریفک یونیورسٹی روڈ جاسکے گی۔

کارساز سے اسٹیڈیم، ملینیم تا نیو ٹاؤن، اسٹیڈیم سگنل تا حسن اسکوائر ہیوی ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل ”جیو سوپر“ سے ایونٹ کے تمام میچز براہِ راست نشر کیے جائیں گے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*