Qaumi Akhbar

کراچی میں اسکول کے اوقات میں سڑکوں پر ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد

کراچی میں اسکول کے اوقات میں سڑکوں پر ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے شارع فیصل پر ٹریفک حادثے میں باپ اور 2 کمسن بیٹیوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے اسکول کے اوقات میں سڑکوں پر تمام ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد کرکے بذریعہ وائرلیس احکامات صادر کر دیئے ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے اعلامیے کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک نے ہدایت کی ہے کہ اسکول کے اوقات صبح 7 سے9بجےاور شام 5 سے9بجے تک ہر طرح کی ہیوی ٹریفک کا سڑکوں پر داخلہ ممنوع ہوگا۔خیال رہے کہ 2 روز قبل شارع فیصل پر صبح کے وقت بائیک پر سوار باپ اور 2 کم سن بچیوں کو ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے کچل دیا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا بھرمیں ٹریفک حادثے انسانی جانوں کے لیے ایک بڑے خطرے کے طور پر سامنے آ رہے ہیں، عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال لاکھوں افراد ٹریفک حادثات کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

ایک عالمی تحقیقاتی ادارے کے مطابق پاکستان میں ہلاکتوں کا باعث بننے والے پچاس عوامل اوربیماریوں میں ٹریفک حادثات پندرہویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان میں ایڈز، ناقص خوراک، مرگی، تشدد کئی قسم کے سرطان اور خود کشیوں کی وجہ سے انفرادی طور پر ہونے والی اموات سے ٹریفک حادثات میں مرنے والے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version