بیٹے کا رنگ تھائی لینڈ کے سفر کے میں خراب ہوا لیکن اس پر ہونے والے منفی تبصروں نے دل کو ٹھیس پہنچائی، اداکارہ
پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ اسما عباس نے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اپنے بیٹے کے رنگ پر کی جانے والی تنقید پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسما عباس نے اس معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اسما عباس نے کہا کہ ان کے چھوٹے بیٹے، جو کہ ایک گلوکار اور اداکار ہیں، کی تصاویر پر سوشل میڈیا پر بدتمیزی کی گئی۔
انہوں نے بتایا: "میرا بیٹا انٹروورٹ ہے، وہ زیادہ سوشل نہیں ہوتا اور اپنی تصاویر شیئر کرنے سے بھی گریز کرتا ہے۔ لیکن ایک موقع پر، جب میں نے دعاِ خیر کے موقع پر اس کی تصویر پوسٹ کی تو صارفین نے اس کے رنگ پر تنقید شروع کر دی۔”
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے بیٹے کا رنگ تھائی لینڈ کے سفر کے دوران خراب ہوا تھا، لیکن اس پر ہونے والے منفی تبصروں نے ان کے دل کو ٹھیس پہنچائی۔
انہوں نے کہا: "صارفین نے اتنی بدتمیزی کی کہ میرا اور میرے بیٹے کا دل خراب ہوگیا۔ اس کے دوستوں نے بھی کلپس نکال کر بھیجے جس سے وہ اور زیادہ پریشان ہو گیا۔ آخر کار، اس نے مجھ سے کہا کہ میری تصاویر اور نام سوشل میڈیا پر نہ لیا کریں۔”
اسما عباس نے مزید کہا: "ان سب باتوں کے بعد میں نے فیصلہ کر لیا کہ اب میں اپنے بیٹے کی کوئی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کروں گی۔”