Qaumi Akhbar

جامعہ کراچی میں سہولیات کے فقدان پر طلبا کا احتجاج، سڑک بند کردی

کراچی: جامعہ کراچی میں درپیش مسائل پر طلبا نے احتجاج کرتے ہوئے فارمیسی سڑک بلاک کردی۔

جامعہ کراچی کے ایڈمن بلاک پر اسلامی جمعیت طلبہ اور طلبہ الائنس کی جانب سے ہونے والے احتجاج میں طلبا و طلبات نے بھرپور حصہ لیا اور شدید نعرے بازی کی، احتجاج جامعہ میں  بھاری فیسوں، پوائنٹس کی کمی، کلاسز کی ابتر صورتحال اور بنیادی سہولیات کے فقدان کیخلاف کیا گیا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ لیٹ فیس میں پچاس فیصد اضافہ سمیت امتحانات کی فیس کو فوری ختم کیا جائے، ری ایڈمیشن کے نام پر طلبا سے پانچ ہزار روپے لینے کا عمل ختم کیا جائے، خستہ حال پوائنٹس کی مرمت کے ساتھ کلاسز کی ابتر صورتحال کو بہتر کیا جائے۔

https://resonance.pk/Out-Stream/resonancevideo.mp4

اس دوران انتظامیہ سے کوئی جواب نہ آنے پر طلبہ نے فارمیسی سڑک بلاک کردی اور پوائنٹس کو روک دیا، طویل وقت کے بعد انتظامیہ نے طلبا کو کل مذاکرات کیلئے بلایا جس پر طلبہ تنظیم نے اپنا احتجاج موخر کردیا۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ امذاکرات میں کامیاب نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی سلسلہ ایک بار پھر شروع کیا جائے گا ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سلور جوبلی گیٹ بند کردیں گے، اب مزید خاموش نہیں رہا جائے گا، اپنے حق کے لیے آواز اٹھائیں گے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version