Qaumi Akhbar

کراچی ایئرپورٹ سگنل کے قریب زور دار دھماکا، 1 جاں بحق، 5 زخمی

کراچی ایئرپورٹ سگنل کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے، جس میں ایک شخص جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

دھماکے سے 2 گاڑیوں اور 2 موٹر سائیکلوں میں آگ لگی ہے، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، دھماکے کی آواز قیوم آباد، ڈیفنس، جمشید روڈ کے اطراف بھی سنی گئی ہے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر تمام تنصیات محفوظ ہیں۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ سگنل کے قریب زودار دھماکا ہوا ہے، ابتدائی طور پر لگتا ہے دھماکا آئل ٹینکر میں ہوا۔

ایئرپورٹ کے قریب تین چار گاڑیوں میں آگ لگی ہوئی ہے، ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ رہے ہیں، پولیس اور رینجرز اہلکار موقع پر پہنچ گئے، فائر بریگیڈ کی گاڑی آگ بجھانے کی کوشش کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی

 وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دھماکے پر پولیس چیف سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی جائے، زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

وزیر داخلہ سندھ کا ایس ایس پی ملیر سے رابطہ

وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ملیر سے رابطہ کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ حقائق سے فی الفور آگاہ کیا جائے، ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ علاقہ پولیس اور افسران جائے وقوع پر موجود ہیں۔

ایس ایس پی ملیر کی جانب سے وقوعے سے متعلق تمام حقائق جلد عوام کے سامنے لانے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

ضیاء الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ تفصیلات میں تمام پہلوؤں اور زاویوں کا احاطہ کیا جائے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version