Qaumi Akhbar

کراچی کی عدالت نے ملزم صارم برنی کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنادیا

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے صارم برنی کی درخواست ضمانت پر گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے دستاویزات میں ردوبدل اور انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں ملزم صارم برنی کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے صارم برنی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ملزم صارم برنی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، عامر نواز وڑائچ ایڈووکیٹ نے مؤقف دیا کہ ایف آئی اے نے تاحال حتمی چالان جمع نہیں کروایا، عدالت نے بچوں کی کسٹڈی کی درخواست پر بھی کسٹڈی ٹرسٹ کو ہی دی ہے۔

وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ ٹرسٹ کو حکومتی تحویل میں لینے کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا ہے، متعلقہ والدین بھی بچوں سے متعلق کوئی دستاویز پیش نہیں کرسکے۔

عدالت نے ملزم صارم برنی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جس کے بعد عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم صارم برنی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی صارم برنی کی درخواست ضمانت مسترد ہوچکی ہے، ملزم صارم برنی اس وقت عدالتی ریمانڈ پرجیل میں ہیں۔

واضح رہے کہ صارم برنی کو رواں برس جون کے اوائل میں امریکا سے کراچی واپس آنے پر گرفتار کیا گیا تھا، ان کیخلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 420 ، 468، 471، اور 109 سمیت انسداد انسانی اسمگلنگ ایکٹ کے سیکشن 3، 4 اور 5 کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔

صارم برنی کیخلاف ان دفعات کے تحت دھوکہ دہی اور بے ایمانی سے جائیداد کی ترسیل پر آمادہ کرنا، دھوکہ دہی کے مقصد سے جعلسازی، جعلی دستاویز کو حقیقی طور پر استعمال کرنا، انسانی اسمگلنگ اور مجرمانہ سازش جیسے جرائم کے ارتکاب پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version