
اسلام آباد: حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر حکومت نے آج ملک بھر میں یوم سوگ منانے اور غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے، قومی اسمبلی میں ایک خصوصی قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس گذشتہ روز اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ق، پاکستان مسلم لیگ ضیاء، نیشنل پارٹی کے سربراہان و سینیئر نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں شرکاء نے مشترکہ طور پر فلسطین میں 9 ماہ سے نہتے لوگوں پر جاری اسرائیلی ظلم پر غم و غصے کا اظہار کیا۔