پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف مصنف و ہدایتکار خلیل الرحمٰن قمر نے کہا ہے کہ بیہودہ لباس پہننے کے سبب وہ آئندہ اداکارہ صبا قمر کے ساتھ کبھی کام نہیں کریں گے۔
خلیل الرحمٰن قمر آج کل یکے بعد دیگرے انٹرویوز دے رہیں۔
معروف مصنف شوبز انڈسٹری کے مختلف معروف فنکاروں سے متعلق اپنی بے باک رائے رکھنے اور تبصروں کے سبب شہ سرخیوں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
اداکار نعمان اعجاز سے نفرت کے اظہار اور اُنہیں گھٹیا قرار دینے کے بعد خلیل الرحمٰن قمر نے سرِ فہرست کی اداکارہ صباقمر سے متعلق اپنا نیا بیان دے کر ایک اور تنازع کو ہوا دے دی ہے۔
حال ہی میں خلیل الرحمٰن نے یوٹیوب پر ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی۔
اس دوران اُنہوں نے جہاں اپنے بچپن، جوانی، زندگی کی جدوجہد اور طلاقوں کی بڑھتی شرح پر بات کی وہیں میزبان کی جانب سے پوچھے گئے متعدد سوالات پر جواب بھی دیے۔
خلیل الرحمٰن سے پوچھا گیا کہ ’کون سی ایسی اداکارہ یا اداکار ہے جسے کبھی بھی کاسٹ نہیں کرنا چاہیں گے؟‘ جس پر مصنف کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ میں آئندہ کبھی اداکارہ صبا قمر کے ساتھ کام کروں گا، جس طرح کا بیہودہ لباس اداکارہ پہنتی ہیں وہ میرے کرداروں کے لے موزوں نہیں۔
خلیل الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ صبا قمر نے میرے ڈرامہ سیریل ’بنٹی آئی لو یو‘ میں شاندار پرفارمنس دی لیکن اس قسم کی ڈریسنگ ہمارے اصولوں اور ثقافت کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالانکہ صباقمر بہترین اداکارہ ہیں، ایسے کپڑے پہننا اُن کا حق ہے اور مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے لیکن پھر مجھے بھی انتخاب کرنے کا حق ہے۔
کوئی ایسی اداکارہ یا اداکار جس کے ساتھ وہ بار بار کام کرنا پسند کریں گے؟ کہ جواب میں خلیل الرحمٰن نے کہا کہ میں ہمایوں سعید کے ساتھ کام کر رہا ہوں، وہی وہ اداکار ہے جس کے ساتھ میں بار بار کام کرنا چاہوں گا، عدنان صدیقی بھی اسی فہرست میں شامل ہیں۔
مصنف نے شو کے دوران طلاق کی وجوہات پر بھی بات کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ طلاقوں کی بڑی وجہ ڈرامے نہیں بلکہ والد کا بیٹی سے اجازت لیے بغیر شادی کر دینا ہے، والد زبان دے کر شادی کر دیتا ہے اور بیٹی نِباہ کے لیے زندگی بھر جنگ لڑتی رہتی ہے۔