Qaumi Akhbar

پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب اپنے عہدے سے مستعفی

عمر ایوب نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا خط ٹوئٹ کیا جبکہ انہوں نے چیئرمین مرکزی فنانس بورڈ پی ٹی آئی کے عہدے سےبھی استعفیٰ دے دیا۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نام خط تحریر کیا۔عمر ایوب کے استعفے پر 22 جون 2024 کی تاریخ درج ہے۔

عمر ایوب نے خط میں کہا کہ مئی 2023 سے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دینا باعث اعزاز رہا، بےحد مشکور ہوں کہ آپ نے مجھ پر اعتماد کیا، پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے خدمات کا موقع  دیا گیا۔

انہوں نے خط میں کہا کہ شاندار سپورٹ پر سینیٹر شبلی فراز،کورکمیٹی اور تنظیمی ممبران کا شکر گزار ہوں،میں سمجھتا ہوں کہ سیکرٹری جنرل کے عہدے کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتا۔

عمرایوب نے مزید کہا کہ  مجھے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے طور پر بھی نامزد کیا گیا، دونوں عہدے پوری توجہ کے متقاضی ہیں،  پارٹی ڈھانچے کو منظم کرنے کے لیے سیکرٹری جنرل کا عہدہ کسی اور دیا جائے، کارکن کی حیثیت سے پی ٹی آئی کے لیے کام کرتا رہوں گا۔

اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھاکہ شہریار آفریدی کے استعفے سے متعلق بیان کے بعد27 سے زائد ممبران نے استعفوں پر مشاورت کی جب کہ شاندانہ گلزار اور شیر افضل مروت سمیت متعدد ممبران نے پارٹی قیادت کی نااہلی پراحتجاج بھی کیا تھا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version