امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا وفد کے ہمراہ تاریخی چوکنڈی قبرستان کا دورہ

،

امریکی سفیر نے تاریخی مقبروں کا معائنہ کیا

صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم و وفد کے دیگر اراکین کا استقبال کیا

تاریخی چوکنڈی قبرستان کا دورہ متاثر کن ہے، مقبرے فنکارانہ مہارت اور نقش و نگاری کے کام کا اعلیٰ نمونہ ہیں، ڈونلڈ بلوم



کراچی(رپورٹ: کامران شیخ)

امریکی سفیر برائے پاکستان ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ تاریخی چوکنڈی قبرستان کے مقبرے فنکارانہ مہارت اور نقش و نگاری کے کام کا اعلیٰ نمونہ ہیں، چوکنڈی قبرستان تاریخی حیثیت سے پاکستان کے اہم قبرستانوں میں منفرد طرز تعمیر میں اپنی مثال آپ ہے جبکہ چوکنڈی کے مقبروں کی تعمیراتی ترتیب اور اس کے طرز تعمیر پر ان کے معماروں کی کاری گری و ہنرمندی قابل داد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے قائمقام قونصل جنرل Jimmy Mauldin جمی مولڈین، Heather Murphy ہیتھر مرفی، زہرا حاجیانی، نریندر کمار و دیگر پر مشتمل وفد کے ہمراہ چوکنڈی کے تاریخی قبرستان کا دورہ اور مقبروں کے معائنے کے دوران کیا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر ثقافت،  سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی قیادت میں چوکنڈی قبرستان کا دورہ کرنے والے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ثقافت و نوادرات خالد چاچڑ، ایم ڈی سیاحت سید فیاض شاہ، ڈی جی نوادرات عبدالفتاح شیخ و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور وفد کے دیگر اراکین کو چوکنڈی قبرستان کی قدیم تاریخی حیثیت سے متعلق آگاہ کیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ دورۂ چوکنڈی قبرستان متاثر کن ہے، چوکنڈی و دیگر تاریخی مقامات کو مزید اجاگر کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (UNESCO) یونیسکو کے تحت بھر پور تعاون کریں گے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط و دیرینہ تعلقات ہیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی و ثقافتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سیاحوں کے لیے امریکی ویزہ کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔ امریکی سفیر سے گفتگو کے دوران صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے وفد کو بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خواہش ہے کہ سندھ کی سیاحت و ثقافت کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہو لہذا سندھ کے سیاحتی و ثقافتی ورثوں کو محفوظ بناکر سیاحوں کے لیے سازگار ماحول اور سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور وفد میں شامل دیگر مہمانوں کو سندھی روایتی ٹوپی و اجرک اور موہن جو دڑو کے نوادرات کی نقول بطور تحفہ پیش کیے جبکہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے بھی تحائف کا تبادلہ کیا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*