Qaumi Akhbar

آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے پی ایس ایل کا فائنل اسٹیڈیم میں دیکھا

گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے فائنل  میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جہاں عوام کا سمندر امڈ آیا وہیں آرمی چیف بھی میچ کا لطف اٹھانے اسٹیڈیم  میں موجود تھے۔

قذافی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان فائنل کو دیکھنے آرمی  چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اچانک اسٹیڈیم پہنچ گئے۔

خبر رساں  ویب سائٹ سے منسلک صحافی نے اپنےٹوئٹر اکاؤنٹ پر آرمی چیف کی اسٹیڈیم میں موجودگی کی تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہےکہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ پاک فوج کے ایک اور اعلیٰ افسر بھی موجود ہیں۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل فائنل کے آغاز سے قبل  قذافی اسٹیڈیم میں قومی ترانے نے شائقین کے لہو کو گرمایا ، اس دوران  کھلاڑیوں کے ساتھ ہزاروں تماشائیوں نے کھڑے ہوکر ترانے میں حصہ لیا جس کے بعد آتش بازی کا مظاہرہ کرکے فائنل شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اختتامی تقریب میں تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں پہلے پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ 6 ایڈیشنز کی مختصر تاریخ بتائی گئی۔

پی ایس ایل 7 کے فائنل مقابلے میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version