Qaumi Akhbar

بٹگرام واقعے کے ہیرو کو ایوارڈ نہ ملنے پر مانسہرہ والے مایوس

بٹگرام میں الائی چیئرلفٹ آپریشن کے دوران جان ہتھیلی پر رکھ کر 5 بچوں کی زندگی بچانے والے زپ لائنر علی سواتی کو صدارتی ایوارڈ نہ ملنے کا افسوس سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔

22 اگست 2023 کی صبح ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی میں وائر ٹوٹنے سے چیئرلفٹ میں اسکول کے طلبا کے پھنسنے کی خبر میڈیا میں نشر ہوئی تو ہلچل مچ گئی۔

بچوں کو بچانے کی ہر کوشش ناکام ہوجانے کے بعد آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے مشہور زپ لائینر علی سواتی کو اس کے سپر وائزر کے ہمراہ آخری امید کے طور پر الائی پہنچایا گیا تو دنیا بھر کی نظریں اسی آپریشن پر مرکوز ہوگئیں اور پھر علی نے نہایت نامساعد حالات کے باوجود ناممکن کو ممکن کر دکھایا تو ہر طرف سے داد و تحسین کے شور میں علی کو بڑے سے بڑا ایوارڈ دینے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی مگر عملاً کچھ نہ ہوا۔

علی سواتی کا کہنا تھا کہ میں اللّٰہ کی رضا کے لیے گیا تھا مجھے اسکا اللّٰہ نے جو صلہ لوگوں کے دلوں میں عزت، پیار و محبت سے دیا ہے اس سے بڑا کوئی ایوارڈ نہیں۔

انکا کہنا تھا کہ میرے دل میں یہ آیا ضرور ہے کہ اتنے لوگوں کو مل سکتا ہے تو ہمیں کیوں نہیں مل سکتا؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے ذاتی طور پر یہ ایوارڈ نہیں چاہیے، یہ ایوارڈ میرے علاقے کا ہے، میرے صوبے خیبر پختونخوا کا ہے، یہ میرے ملک پاکستان کا ایوارڈ ہے۔

علی سواتی کا کہنا تھا کہ لوگ مجھ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ بھائی ہمارا ایوارڈ لے کر آئیں، لوگوں نے مجھے یہ احساس دلایا جس کے بعد میں یوں محسوس ہوا کہ یہ غلط ہوا۔

علی سواتی کے دوستوں سے معلوم ہوا کہ الائی آپریشن کے دوران استعمال ہونیوالے علی کے ذاتی سامان میں سے اندھیرے میں گم ہوجانیوالی لاکھوں روپوں کی 3 پلیوں کا کوئی سراغ نہیں ملا

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version