Qaumi Akhbar

مریم نواز کا قیدیوں کی سزا میں 3 ماہ کی معافی اور 155 قیدیوں کی رہائی کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے  صوبے بھر میں قیدیوں کیلیے 3 ماہ سزا کی معافی اور155 قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف  نے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  قیدیوں کی مشکلات کا اندازہ ہے،ان کے مسائل اور کھانے پینے کے نظام میں بہتری لائیں گے۔

صوبے بھر کے  قیدیوں کی  سزا میں 3  ماہ کی معافی کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  مخیر حضرات کے اشتراک سے 15کروڑ روپے دیت ادائیگی کے بعد155قیدیوں کو بھی رہا کیا جارہا ہے۔

مریم  نواز نے کہا کہ پورے پنجاب کی جیلوں میں ویڈیوکال کی سہولت بہت جلد فراہم کر دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سینٹرل جیل میں  قیدی کی حیثیت سے گزرے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آج سنٹرل جیل آتے ہوئے خود قید میں گزارا ہوا وقت یاد کررہی  تھی، سزائے موت کی چکی میں بند تھی اور کڑے وقت کا سامنا کیا، میرے والد بھی اسی جیل میں بند تھے مگر ملاقات کی اجازت نہیں تھی، ہفتے میں ایک بار ملنے دیاجاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک بار قید میں والد کا ہاتھ سے لکھا ہوا خط ملا،انہوں نے بتایا کہ یہاں سے گرفتار کر کے نیب لے جارہے ہیں، جیل میں مجھے کسی نے بتایا کہ آپ کے والد کی طبیعت خراب ہے اوراسپتال لے کر جارہے ہیں، وہ آزمائش کا وقت تھا،  میں سوال کرتی تھی کہ میں نے ایسا کیا کیا جو میں جیل میں ہوں اور پھر جائے نماز پر بیٹھ جاتی تھی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version