Qaumi Akhbar

9 مئی واقعات کے ذمہ داران کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، کور کمانڈرز کانفرنس

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 263ویں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں شرکاء نے اعادہ کیا کہ 9 مئی واقعات کے ذمہ داران کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعظم کے عزم کے مطابق 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولتکاروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

فورم نے عزم کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کےلیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

آرمی چیف نے کمانڈرز کو دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خلاف حاصل شدہ اہداف کے فوائد کو مستحکم کرنے کی ہدایت کی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version