Qaumi Akhbar

ہماری 85 نشستیں چھین کر جمہوریت پر حملہ کیا گیا، تحریک انصاف

اسلام آباد: تحریک انصاف نے کہا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کرکے جمہوریت پر حملہ کیا گیا انتخابات میں ہماری 179 نشستیں ہونی چاہئیں تھیں 85 نشستیں چھینی گئیں، ہمارے مسترد ووٹس کی تعداد وکٹری ووٹس سے زیاد ہے، 2024ء پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ دھاندلی شدہ انتخابات تھے۔

یہ بات پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن، سیمابیہ طاہر، شیر افضل مروت، شاندانہ گلزار، ریحانہ ڈار، سلمان اکرم راجا اور دیگر رہنما و امیدوار بھی موجود تھے جنہوں ںے اپنی اپنی کامیابیوں کو الیکشن کمیشن یا عدالتوں میں چیلنج کررکھا ہے، پریس کانفرنس کے دوران علیمہ خان بھی پہنچ گئیں۔

تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا کہ انتخابات میں ہماری 179 نشستیں ہونی چاہئیں تھیں ہم سے 85 نشستیں چھینی گئیں، 46 نشستوں کا ڈیٹا ہمارے پاس موجود ہے اور بقیہ نشستوں کا ڈیٹا بھی ہم 24 گھنٹوں میں مکمل کرلیں گے، ہمارے مسترد کیے گئے ووٹس کی تعداد وکٹری ووٹس سے بھی زیادہ ہے، 2024ء پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ دھاندلی شدہ انتخابات تھے

رہنما شاندانہ گلزار نے کہا کہ اس الیکشن میں 1.25 ملین ووٹ ہمیں صرف کراچی سے مل، کراچی میں اتنی نشستیں ہونے کے باوجود ہماری کوئی کامیابی نہیں ہے، قومی اسبملی میں دن تین بجے تک ہماری 154 نشستیں تھیں، کے پے سے ہم 42 سیٹ پر کامیاب ہوئے لیکن الیکشن کمیشن نے صرف 32 امیدواروں کو کامیاب کیا۔

شاندانہ گلزار نے کہا کہ کئی پولنگ اسٹیشنز سے ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا گیا آج کے اعدادوشمار سے ہماری قانونی ٹیم کو بھی کافی معاونت ملے گی، ہمارے تمام نتائج کو پریزائڈنگ افسر اور آر او کو نتیجہ مختلف کر دیا گیا، دھاندلی ہمیشہ ہوتی ہے لیکن اس وقت دھاندلا ہوا جیسے ہی رات ہوئی ہمارے نتائج کو بدل دیا گیا۔

سیمابیہ طاہر نے کہا کہ این اے 130 لاہور رات تک ڈاکٹر یاسمین راشد لیڈ کر رہی تھیں لیکن اگلے دن این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی سامنے آئی، این اے 47 میں شعیب شاہین کے ساتھ بھی دھاندلی کی گئی، راولپنڈی میں ہمارے چیتے نے این اے 56 سے بھرپور لیڈ حاصل کی لیکن بدقسمتی سے چوری کے ماہر حنیف عباسی نے رات 3 بجے ڈاکا ڈالا

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version