Qaumi Akhbar

سڈنی ٹیسٹ: پہلی اننگ میں پاکستان کے 9 کھلاڑی آؤٹ

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور یہ اُس وقت غلط ثابت ہوا جب دونوں ہی اوپنرز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

سڈنی میں سیریز کے کھیلے جارہے تیسرے میچ میں اوپنرز عبداللّٰہ شفیق اور ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب نے انتہائی مایوس کن آغاز کیا، دونوں ہی اوپنرز نے 2 ہی گیندوں کا سامنا کیا اور کوئی رن نہ بنا سکے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 39 رنز پر گری جب بابر اعظم 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سعود شکیل تھے وہ 5 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 96 رنز پر گری، شان مسعود 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

آدھی ٹیم کے پویلین لوٹ جانے کے بعد محمد رضوان اور آغا سلمان نے پارٹنرشپ قائم کی اور اسکور بڑھانے کا سلسہ جاری رکھا، اس دوران محمد رضوان نے 74 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے ففٹی بنائی۔

دونوں بیٹرز کی ذمے دارانہ پارٹنرشپ سے ٹیم کا اسکور 190 رنز تک پہنچا جس کے بعد محمد رضوان 88 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ 220 رنز پر گری، ساجد خان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس دوران آغا سلمان نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، اس دوران انہوں نے 64 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے ففٹی بنائی۔

پاکستان کی آٹھویں وکٹ 226 رنز پر گری جب آغا سلمان 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کے نویں وکٹ ایک رن بعد ہی گر گئی جب حسن علی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

آخری وکٹ پر عامر جمال اور حمزہ علی نے آسٹریلوی بولرز کے سامنے مزاحمت دکھائی، اس دوران ایک اینڈ سے عامر جمال نے 71 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم میں سڈنی ٹیسٹ میچ کیلئے دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، امام الحق اور شاہین آفریدی کو آرام دے کر ان کی جگہ صائم ایوب اور ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version