شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن میں 5 دہشتگرد ہلاک کردیے جبکہ دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے پاک فوج کا ایک سپاہی شبیر احمد شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کےخلاف خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 دہشتگرد مارے گئے جن میں حبیب نواز عرف شکیل، وحید اللہ، عبدالرحمان، محمد اللہ شامل ہیں جبکہ ایک دہشتگرد کی شناخت کی جارہی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا جس میں سب مشین گنز، ہینڈ گرنیڈز اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سپاہی شبیر احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے اور دہشت گردوں کو جانی نقصان پہنچاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، شہید ہونے والے 28 سالہ سپاہی شبیر احمد کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔