Qaumi Akhbar

بین الاقوامی مشق بارا کوڈا کا آغاز 2 جنوری 2024 سے ہوگا


پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے تحت ہونیوالی مشق میں 18 ممالک حصہ لے رہے ہیں

بارا کوڈا مشق کا مقصد سمندر میں تیل کے رساو کی روک تھام ہے

کراچی (رپورٹ: کامران شیخ)

پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے تحت بارہویں بارا کوڈا مشق کا آغاز 2 جنوری 2024 سے ہوگا، بین الاقوامی مشق میں چائنا، امریکہ، مالدیپ، ترکیہ،سعودیہ عرب، بحرین،کویت، انڈونیشیا، قطر،ڈیجیبوٹی، سری لنکا، یو اے ای، کینیا،بنگلہ دیش،تنزانیہ، ایران، جاپان اور اومان سمیت 18 ممالک کے مندوبین شریک ہونگے، تین روز مشق کا پہلا مرحلہ پی ایم ایس اے ہیڈ کوارٹر کراچی میں ہوگا جہاں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد کی جاۓ گی جبکہ مقامی ہوٹل میں مشق بارا کوڈا کی افتتاحی بریفنگ منعقد ہوگی جس میں اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے،پہلے مرحلے میں مشق سے متعلق مختصر تعارف، بحث و مباحثہ اور آپریشنل تیاریوں کی جانچ پڑتال کی جاۓ گی،سمندری آلودگی کے خلاف بر سر پیکار پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق بین الاقوامی مشق بارا کوڈا کا مقصد سمندر میں تیل بہہ جانے کی صورت میں سمندر کو اس سے پاک کرنے اور سمندری آلودگی کو ختم کرنے کی ملکی استعداد کار کو بڑھانا ہے، مشقوں کا مقصد ناگہانی آفت اور بحری قزاقوں سےبچاؤ کے طریقوں سے آگہی حاصل کرنا بھی ہے۔سمندر میں تیل کے پھیلاو کو روکنے کے لیے کی جانیوالی اس مشق میں سمندری آلودگی اور اس کے تدارک کے اقدامات کا جائزہ بھی لیا جاتا ہے بارا کوڈا مشقوں کا آغاز سال 2007 سے کیا جارہا ہے۔ بارہویں بارا کوڈا مشق 4 جنوری کو اختتام پذیر ہوگی

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version