Qaumi Akhbar

عدالت کی اجازت کے بغیر کوئی افسر تبدیل نہیں ہوگا، ہائیکورٹ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ایف بی ایریا بلاک 12 میں غیر قانونی کثیرالمنزلہ عمارت کی تعمیرات کے خلاف درخواست پر ڈائریکٹر ایس بی سی اے سینٹرل کا قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے اور غیر قانونی فلور مسمار کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا ، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ بلڈر نے پارک کی زمین کو بھی اپنے پلاٹ کے ساتھ شامل کرکے تعمیرات کردیں،احکامات کے باوجود کارروائی نہ کرنے پر عدالت ایس بی سی اے حکام پر برہم ہوگئی، ایس بی سی اے ملازمین اور افسران کے بلاجواز تقرری اور تبادلے پر جسٹس ندیم اختر نے آبزرویشن دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ہر کیس میں یہی ہورہا ہے جس افسر کو کارروائی کاحکم دیتے ہیں اسے تبدیل کردیا جاتا ہے، دوسرا افسر آکر بولتا ہے، مجھے تو ابھی چارج ملا ہے، ہمیں اپنا کام نہیں کرنے دیا جارہا ، اب عدالت کی اجازت کے بغیر کوئی افسر تبدیل نہیں ہوگا، 7 دن میں انسپکشن کے بعد کارروائی کا حکم دیا تھا کیوں نہیں کی؟ ڈپٹی ڈائریکٹر احتشام نے کہا کہ مجھے 29 نومبر کو چارج ملا ہے وعدہ کرتا ہوں عدالت کے حکم پر عملدرآمد ہوگا، عدالت نے کہا کہ زبانی فائر مت کریں، بتائیں آج ہم آپ کے ساتھ کیا کریں؟ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب تک عمارت کا غیر قانونی حصہ مسمار نہیں کیا جاتا ڈائریکٹر ایس بی سی اے کا شناختی کارڈ بلاک رہے گا، 18دسمبر کو غیر قانونی فلور مسمار کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version