Qaumi Akhbar

لاہور میں اسکول کی چھت سےکود کر زخمی ہونے والے طالبعلم کے اہل خانہ کا احتجاج

لاہور میں اسکول کی چھت سےکود کر زخمی ہونے والے طالبعلم کے اہل خانہ نے احتجاج کیا اور اس دوران اسکول گارڈز اور مظاہرین میں ہاتھا پائی اور تلخ کلامی ہوئی۔

بعد ازاں اسکول کے دروازے بند  کردیے گئے۔ دو روز قبل 14 سال کے طالب علم نے اسکول انتظامیہ کے رویے پر چھت سے چھلانگ لگا دی تھی۔

طالب علم جناح اسپتال میں زیرعلاج ہے۔ سی ای او ایجوکیشن لاہور پرویز اختر کی جانب سے قائم کردہ انکوائری کمیٹی نےنجی اسکول کی چھت سے نویں جماعت کے طالبعلم عبداللہ کےچھلانگ لگانے کے واقعے کی انکوائری رپورٹ جمع کرا دی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 2 روز پہلےٹاؤن شپ میں واقع ایک نجی اسکول میں نویں جماعت کے طالبعلم عبد اللہ اور دسویں جماعت کے طالب علم حافظ سیف کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔

اسکول انتظامیہ نے سزا کے طور پر عبداللہ کو کلاس روم کے باہر کھڑا کر دیا جس پر دلبرادشتہ ہوکر عبد اللہ نےاسکول کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔

رپورٹ کے مطابق عبداللہ کے سر ، ٹانگ اور ریڑھ کی ہڈی پر شدید چوٹیں آئیں جس پر اسے مقامی نجی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا جہاں اس کی ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن کیا گیا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version