Qaumi Akhbar

نگراں وزیر داخلہ نے نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد کردی

نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کے حکم پر نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد کردی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کاروباری شخصیات کو اسلحہ لائسنس کے حوالے سے بھی نئی پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے وزارت داخلہ کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا، سرفراز احمد بگٹی پاکستان کے 47 ویں وفاقی وزیر داخلہ ہیں۔

وزارت داخلہ  کے دفتر آمد پر نگراں وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی گئی، سیکریٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ سمیت دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔

نگراں وزیر داخلہ کی وزارت کے سینئر افسران سے تعارفی ملاقات ہوئی اور انہیں وزارت داخلہ اور اس کے ذیلی اداروں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ تمام شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، سانحہ جڑانوالہ شرمناک اور رسول پاکﷺ کی تعلیمات کے منافی ہے، کسی گروہ کو تشدد کی اجازت نہیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
Exit mobile version