
کراچی : جامعہ کراچی کے اساتذہ نے ہزاروں طلبہ وطالبات کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ، بائیکاٹ کے باعث تعلیمی سیشن تاخیر کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں سیمسٹر امتحانات کے بائیکاٹ کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، جس کے باعث ہزاروں طلبہ و طالبات شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔
انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے ہاؤس سیلنگ سمیت دیگر مطالبات کے حق میں امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا، اساتذہ کے اس اقدام کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور تعلیمی سیشن میں تاخیر کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
بائیکاٹ کے پہلے روز تقریباً 60 فیصد طلبہ مختلف شعبہ جات میں امتحانات میں شریک ہوئے، جبکہ 40 فیصد شعبہ جات میں اساتذہ کی عدم دستیابی کے باعث امتحانات کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔
دوسری جانب جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ڈینز سے سیمسٹر امتحانات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ موجودہ صورتحال سے فوری آگاہ کیا جائے اور تمام شعبہ جات کے سربراہ اپنی رپورٹس جلد از جلد جمع کروائیں۔
تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو نہ صرف امتحانات متاثر ہوں گے بلکہ ہزاروں طلبہ کے تعلیمی مستقبل پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
