وزیراعظم کا معاشی چیلنجز سے نکلنےکیلئے ہنگامی بنیادوں پرسفارشات کی تیاری کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی ماہرین کا اجلاس ہوا جس میں ملک کو درپیش موجودہ سنگین معاشی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس میں نیشنل اکنامک کونسل تشکیل دینےکا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس میں معاشی ماہرین کو ہنگامی بنیادوں پر سفارشات کی تیاری کا حکم دے دیا، وزیراعظم نے ملک کو درپیش سنگین صورتحال اور معاشی چیلنجز سے نکلنے کے لیے ہدایات جاری کیں۔

اعلامیے کے مطابق تجاویز زراعت، صنعت، سرمایہ کاری اور بینکاری سے متعلقہ طبقات کی آراء کی روشنی میں مرتب ہوں گی، تاجر وکاروباری برادری سمیت تمام متعلقہ طبقات کی آراء لی جائیں گی، تجاویز کےحصول کے لیے آئندہ چند دنوں میں کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے  میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے نیشنل اکنامک کونسل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، نیشنل اکنامک کونسل غیرجانبدار اور ممتاز معاشی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔

 دوران اجلاس  سیکرٹری خزانہ نے ملکی معاشی صورتحال، ریونیوز اور بجٹ خساروں پر بریفنگ دی، وزیراعظم کو داخلی اور بیرونی قرض کی صورتحال اور  مجموعی قومی بیلنس شیٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی صورتحال اور سنگین مالی خطرات دیکھتے ہوئے فوری وسطی اور طویل المدتی اہداف کا واضح تعین کریں، پالیسی آپشنز پر جامع سفارشات پیش کریں تاکہ ٹھوس اقدامات لیے جاسکیں۔

وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی پر قابو پانے سے متعلق جامع تجاویز مرتب کرنےکی ہدایت بھی کی، وزیراعظم نے رمضان المبارک میں رمضان بازار کی مانیٹرنگ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فوری کمی لانے کی بھی خصوصی ہدایات جاری کیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ قومی اور عوامی مفادات کے درمیان بہترین توازن کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*