پاکستان سپر لیگ 7 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے اوپننگ بیٹر فخر زمان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں 50 رنز مکمل کرنے پر دی جانے والی ‘فلائنگ کِس’ کی دلچسپ کہانی سنائی ہے۔
اتوار کی شب لاہور قلندرز کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوا جس میں لاہور کو 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی، میچ میں فخر زمان نے شاندار اننگز کھیلی اور 42 گیندوں پر 53 رنز اسکور کیے۔
اس موقع پر فخر زمان نے کراؤڈ کی جانب چہرہ کرکے فلائنگ کِس دی اور وہاں موجود تماشائیوں کا شکریہ ادا کیا۔
سوشل میڈیا صارفین فخر زمان کی فلائنگ کِس پر متجسس تھے جس پر اب کرکٹر نے بتایا ہے کہ وہ فلائنگ کِس میرے بیٹے زین کے لیے تھی، میچ کے دوران گراؤنڈ میں حارث رؤف اور تقریباً ہر کھلاڑی کچھ نہ کچھ منفرد کرتے رہے ہیں۔
فخر زمان نے کہا کہ زین نے مجھے ایک کارٹون کی ویڈیو بھیجی جو اسی طرح فلائنگ کِس کرتا ہے اور آڈیو پیغام میں مجھے اس نے کہا کہ اگر آپ نے 50 رنز کیے تو میرے لیے ایسے ہی کیجیے گا، میں نے وہ پیغام شاہین آفریدی سمیت دیگر کرکٹرز کو سنایا۔
کرکٹر نے بتایا کہ زین میچ دیکھ رہا تھا، میں نے 50 رنز کرنے پر اس کی جانب دیکھ کر فلائنگ کِس دی تو وہ شرما گیا۔
واضح رہے کہ فخر زمان نے رواں سیزن میں اب تک 7 میچوں میں 5 نصف سنچری اور ایک سنچری اسکور کی ہے۔