Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
هفته 24  اگست 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

ملک میں نیب چلے گا یا معیشت‘ آصف زرداری

ویب ڈیسک منگل 30 اپریل 2019
ملک میں نیب چلے گا یا معیشت‘ آصف زرداری

اسلام آباد…جعلی اکائونٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کیخلاف ایک اور ملزم وعدہ معاف گواہ بن گیا،جبکہ احتساب عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی 20،20 لاکھ روپے کے عوض درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 مئی تک ملتوی کردی،اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر اور فریال تالپور کی ضمانت میں 15مئی تک توسیع کر دی۔

پیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکائونٹس کیس کی سماعت ہوئی تو آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

کیس میں اہم پیشرفت ہوئی کہ ایک اور ملزم نے آصف زرداری کیخلاف وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دے دی۔ نیب نے بتایا کہ ملزم شیر نے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دی ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل اس کیس میں آصف زرداری کے خلاف دو خواتین ملزمان نورین اور کرن وعدہ معاف گواہ بن چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : زرداری کے خلاف وعدہ معاف گواہ سامنے آگیا

دوران سماعت جج ارشد ملک نے استفسار کیا کہ کراچی میں گرفتار ملزم حسین لوائی سمیت دیگر چار ملزمان کہاں ہیں اور عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے؟۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزمان کی حوالگی کیلئے چیف سیکرٹری سندھ کو دو خطوط لکھے لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

جج ارشد ملک نے کہا کہ نیب یہ معاملہ چیف سیکرٹری کے ساتھ اٹھائے جبکہ ہم سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہیں۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو آصف علی زرداری نے قومی احتساب بیورو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کی حکومت مخالف تحریک میں شرکت کا عندیہ دیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نیب چلے گا یا معیشت چلے گی، دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ حکومت کی مدت پوری کرنے کے سوال پر آصف زرداری نے صرف یہ کہا کہ ’خدانخواستہ‘۔ فضل الرحمان کی حکومت کیخلاف تحریک میں شرکت کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ انشا اللہ۔ انہوں نے نواز شریف کی صحت کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ضروری ہو تو انہیں علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہئے۔

(280 بار دیکھا گیا)

تبصرے