Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
منگل 19 نومبر 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

سری لنکا، ہلاکتوں کی تعداد 290 ہوگئی

قومی نیوز پیر 22 اپریل 2019
سری لنکا، ہلاکتوں کی تعداد 290 ہوگئی

کولمبو… سری لنکا میں عیسائیوں کے مذہبہ تہوار ایسٹر پر 3 گرجا گھروں اور 3 ہوٹلوں میں ہونے والے 6 دھماکوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 290ہوگئی جبکہ 500سے زائد زخمی ہیں۔ مزید دہشت گردی کے خطے کے باعث ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

آج صبح ملنے والی میڈیا اطلاعات کے مطابق سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سمیت مختلف شہروں میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں 6 بم دھماکوں کے نتیجے میں اب تک 290 افراد ہلاک جب کہ 500 سے زائد زخمی ہیں جن میں سے درجنوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں امریکی اور برطانوی شہریوں سمیت 35 غیر ملکی افراد شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سری لنکا میں خانہ جنگی کے بعد یہ اب تک دہشت گردی کی سب سے بڑی واردات ہے۔ میڈیا کے مطابق بدترین دہشت گردی کے شبہے میں24فراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے آٹھ افراد مقامی جبکہ پانچ کا تعلق دوسرے ملکوں سے ہے۔ دھماکوں کے بعد ریسکیو اداروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ عوام سے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں 8 دھماکے

لندن میں سری لنکا کی ہائی کمشنر نے سی این این سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 6 دھماکوں میں سے کچھ خود کش بمبار نے کیے تاہم ابھی خود کش بمبار کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر ایک گھر پر چھاپا مارا جہاں دہشت گردوں نے پولیس پر 2 بم پھینکے گئے جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ کل 8 دھماکے ہوئے ہیں جن میں سے 6 چرچوں اور ہوٹلوں پر کیے گئے جب کہ 2 دھماکے پولیس پارٹی پر ایک گھر پر چھاپے کے دوران کیے گئے۔

سری لنکن صدر متھری پالا سری سینا نے عوام سے صبر و تحمل اور حکومت سے تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہوئے صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا ہے جب کہ 22 اور 23 اپریل کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ملکی صدر نے یہ اقدام ممکنہ احتجاجی مظاہروں اور امن عامہ کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے اْٹھایا ہے۔دھماکوں کے ذریعے کولمبو کے 3 ہوٹلز اور ایک چرچ جب کہ باٹی کالوا اور کاٹوواپٹیا شہر میں بھی ایک ایک چرچ کو نشانہ بنایا گیا، ایسٹر کے تہوار کے باعث گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں رش ہونے کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : نوڈیرومیں بھٹو ہاؤس پر چھاپہ،زرداری کا قریبی ملازم گرفتار

اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور سیکیورٹی اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔سری لنکن پولیس کے مطابق دھماکوں کی جگہ کو گھیرے میں لیکر شواہد جمع کر لیے ہیں، دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال کسی شدت پسند جماعت نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ پولیس کی مدد کے لیے حساس علاقوں میں فوج بھی موجود ہے۔

پاکستان کی جانب سے سری لنکا میں دھماکوں اور دہشت گردی کی مذمت کی گئی ہے، ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام اور حکومت سری لنکن عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم دہشت گردی کے خلاف سری لنکا کے ساتھ ہیں اور کولمبو میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔

(393 بار دیکھا گیا)

تبصرے