Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
جمعه 10 جولائی 2020
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

سانحہ کرائسٹ چرچ، کراچی کے ایک اور خاندان کی شہادت

قومی نیوز جمعرات 21 مارچ 2019
سانحہ کرائسٹ چرچ، کراچی کے ایک اور خاندان کی شہادت

کرائسٹ چرچ ۔۔۔۔سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہداءمیں کراچی کے ذیشان اور ان کے والدین غلام حسین اور کرم بی بی شامل ہیں۔

سانحہ کرائسٹ چرچ میں کراچی کے ذیشان اور ان کے والدین غلام حسین اور کرم بی بی بھی اپنوں سے جدا ہو گئے۔ان کی بیٹی کا کہنا ہے کہ بھائی اور والدین کی موت کی خبر کا کافی وقت تک یقین نہیں آیا۔

مریم گل نے امید ظاہرکی کہ دہشت گرد کو اللہ ہدایت دے اور وہ ایمان لے آئے۔

دوسری جانب کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کا شکار ہونے والی النور مسجد کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، مسجد میں کام مکمل کر کے کل نماز جمعہ کی ادائیگی کو ممکن بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مسجد سے حملے کے تمام ممکنہ شواہد اور ثبوت حاصل کر لیے ہیں۔

بڑھئی، باغبان،قالین بچھانے والے اور دیگر مزدوروں کی بڑی تعداد مسجد کی بحالی کے کام میں شریک ہیں۔حکام کا کہناہے کہ کام مکمل نہ کیاجا سکا تو نماز جمعہ سڑک پر ادا کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : نیوزی لینڈ کے قانون میں سزائے موت نہیں

نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملے کے بعد وزیر اعظم جیسنڈا آ رڈن نے انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے فوجی طرز کے نیم خود کار ہتھیار رکھنے پر پابندی کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے خود کار اور نیم خود کار رائفلز اور حملوں میں استعمال ہونے والے اسلحے کی فروخت پر بھی پابندی لگا دی۔وزیر اعظم نیوزی لینڈ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مساجد پر حملے میں آ ٹومیٹک اور سیمی آ ٹو میٹک اسلحہ استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ہتھیار رکھنے والے افراد کے لیے 48 گھنٹوں میں فارم دستیاب ہو گا، پولیس تفصیل ملنے کے بعد انہیں تباہ کر دے گی۔

جیسنڈا آ رڈن نے اس سلسلے میں عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں جلد قانون سازی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم زیادہ گنجائش والے میگزین پر بھی پابندی لگائیں گے،ان تمام پارٹس پر بھی پابندی لگائیں گے جو نیم خودکار یا کسی اور قسم کے ہتھیاروں کو فوجی طرز کے نیم خودکار اسلحے میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

وزیر اعظم نیوزی لینڈ نے یہ بھی کہا کہ مختصراً میں بتادوں کہ گزشتہ جمعے کو دہشت گرد حملے میں جو نیم خودکار ہتھیار استعمال کیے گئے ان پر نیوزی لینڈ میں پابندی ہوگی۔

(379 بار دیکھا گیا)

تبصرے