Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
پیر 25 مارچ 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

نیوزی لینڈ،مساجد میں فائرنگ،شہداء کی تعداد49ہوگئی

قومی نیوز جمعه 15 مارچ 2019
نیوزی لینڈ،مساجد میں فائرنگ،شہداء کی تعداد49ہوگئی

کرائسٹ چرچ …نیوزی لینڈ میں دو مسجد پر فائرنگ کے واقعے میں49 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے،مسجد میں موجود بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محفوظ رہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ کی 2 مساجد النوراورلینوڈ میں فوجی وردی میں ملبوس 28 سالہ انتہا پسند آسٹریلوی سفید فام برینٹن ٹیرنٹ کی فائرنگ سے 49 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے

آسٹریلوی وزیراعظم نے تصدیق کی ہے کہ نیوزی لینڈ میں مسجد پر حملہ کرنے والے برینٹن ٹیرنٹ آسٹریلوی شہری ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مساجد پر حملہ منصوبہ بندی سے کیا گیا۔

مسلح شخص کی جانب سے فائرنگ نماز جمعہ کے دوران کی گئی۔ مزید چارافراد کو حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ جدید ہتھیاروں سے لیس حملہ آورنے اپنی ہولناک فائرنگ کی لائیو وڈیو ریکارڈنگ بھی کی۔

نیوزی لینڈ پولیس نے شہریوں کو متاثرہ مسجد سے دور رہنے کی ہدایت کردی ہے، کرائسٹ چرچ کی دیگر مساجد خالی کرالیا گیا ہے جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق شہر کے گرجا گھر اور اسکول بھی بند کردیئے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسجد میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی بھی موجود تھے جو اس واقعے میں محفوظ رہے۔

بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال نے اس واقعے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں خوش قسمتی سے ہم تمام کھلاڑی محفوظ رہے، انہوں نے اپنے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔

دوسری جانب ایک اور بنگلہ دیشی کھلاڑی مشفق الرحیم نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر بتایا کہ کرائسٹ چرچ کی مسجد میں پیش آئے فائرنگ کے دل خراش واقعے میں خوش قسمتی سے ہم تمام کھلاڑی محفوظ رہے

انہوں نے کہا کہ اللہ ہم سب کی حفاظت فرمائے اور آئندہ کبھی ایسی صورتحال کا دوبارہ سامنا نہ ہو، ساتھ ہی انہوں نے عوام سے دعا کی اپیل بھی کی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد کو گولیاں لگی ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

(177 بار دیکھا گیا)

تبصرے