Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
منگل 12 نومبر 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

بھارت پر عالمی دباؤ بڑھ گیا

قومی نیوز هفته 02 مارچ 2019
بھارت پر عالمی دباؤ بڑھ گیا

اسلام آباد …پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کی دنیا بھر میں مذمت کی جارہی ہے۔ پاکستان سے تعلقات کی بحالی کے لئے بھارت پر عالمی دبائو بڑھ گیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ روس نے ثالثی کی پیشکش کی ہے جبکہ سعودی عرب‘ چین‘ آسٹریلیا‘ برطانیہ اور اردن نے بھی پاکستان سے رابطے کئے ہیں۔

دریں اثناء یورپی قونصل نے پاکستان کی جانب سے بھارتی پائلٹ رہا کئے جانے کے عمل کو نیک شگون قرار دیا ہے۔

ادھر پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کیلئے عالمی برادری کی سفارتی کوششیں عروج پر پہنچ گئیں

اس ضمن میں امریکا ‘سعودی عرب ‘ چین ‘ آسٹریلیا‘برطانیہ اور اردن نے پاکستان سے رابطہ کیاہے جبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یو ایس سینٹ کام کے کمانڈر ،برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور آسٹریلین چیف آف ڈیفنس فورس ،امریکہ ،برطانیہ اور چین کے سفیروں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : بھارتی پائلٹ کا واہگہ بارڈر پر شرمناک استقبال

ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یو ایس سینٹ کام کے کمانڈر ،برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور آسٹریلین چیف آف ڈیفنس فورس، امریکا ،برطانیہ اور چین کے سفیروں سے ٹیلی فونک رابطہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ کشیدہ صورتحال اور اسکے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام پر اثرات کے بارے میں بات چیت کی۔

پا ک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ پاکستان کسی بھی جارحیت پراپنے دفاع میں یقینابھرپور جواب دے گا۔

ادھر سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ آج ہفتہ کو بھارت کا دورہ کر سکتے ہیںجبکہ اتوار کو ان کی پاکستان آمد متوقع ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ دورہ پاکستان میں ولی عہد کا خصوصی پیغام بھی پاکستانی حکام تک پہنچائیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہناہے کہ عادل الجبیر کا دورہ پاکستان (آج) ہفتہ کو متوقع ہے ان کا یہ دورہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال میں ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق چین کے ایلچی بھی آج اسلام آباد آئیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : پاکستان نے اخلاقی جنگ جیت لی

قبل ازیں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس خطہ میں قیام امن کا متمنی ہے اور اس سلسلہ میں اپنا ممکنہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

یہ بات انہوں نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق روس کے وزیر خارجہ نے جمعہ کو اپنے پاکستانی ہم منصب کو ٹیلی فون کیا اور خطہ میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے روسی وزیر خارجہ سے کہا کہ ہم نے دونوں ممالک کے مابین تنائو کے خاتمہ کیلئے آپ کی طرف سے کی جانے والی ثالثی کی پیشکش کو پارلیمنٹ کے سامنے رکھا اور تمام ممبران نے روس کی پیشکش کا خیرمقدم کیاہے۔

دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تخفیف غربت اور سماجی فلاحی منصوبوں کے ذریعے پاکستان کے عوام کیلئے امن و خوشحالی کا فروغ ان کی حکومت کا ایجنڈا ہے تاہم بھارتی جنگی جنون سے خطہ کے امن کو خطرہ ہے۔

انہوں نے یہ بات اردن کے شاہ عبداللہ دوئم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو وزیراعظم کو فون کیا اور پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ پر گہری تشویش ظاہر کی‘انہوں نے کشیدگی کم کرنے کیلئے اردن کی ثالثی کی پیشکش بھی کی۔

عمران خان نے ثالثی پر شاہ عبداللہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شاہ عبداللہ دوئم کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔

(293 بار دیکھا گیا)

تبصرے